Kashif Rafiq
Prime Minister (20k+ posts)

تحریر: عمار مسعود
نواز شریف چپ ہیں۔ مسلم لیگ ن نے نواز شریف کے نام پر جھوٹ بولا۔ چوتھی دفعہ وزیر اعظم کا نعرہ لگوایا، جلسے کروائے، جلوس نکلوائے، اخبارات میں اشہارات چھپوائے اور انتخابات کے بعد اچانک اعلان کیا کہ ہمارے وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے۔
اس ملک کے عوام کے ساتھ دن دہاڑے اتنا بڑا دھوکہ ہوا۔ لوگوں کے جذبات سے کھیلا گیا۔ لوگوں کو سیاسی اور جذباتی طور پر بلیک میل کیا گیا۔ لوگوں کو اندھیرے میں رکھا گیا۔ ایک بہت بڑا فراڈ ہوا۔ چوتھی دفعہ وزیر اعظم کا نعرہ ہر اس شخص نے لگایا جس نے بعد میں عوام کو سمجھایا کہ ہمیں تو پہلے ہی پتا تھا کہ نواز شریف وزیراعظم بننے میں دلچسپی ہی نہیں رکھتے۔ وہ وزیراعظم کے عہدے سے ماورا ہیں۔ وزیراعظم کا رتبہ ان کے سامنے ہے ہی ہیچ۔
سننے میں آرہا ہے کہ نواز شریف کسی سے ناراض ہیں۔ اس وجہ سے چپ ہیں۔ ان کی ناراضی اپنی جگہ لیکن اب ان کے چاہنے والے ان سے ناراض ہونے لگے ہیں۔ ان کو نواز شریف کی خاموشی کھلنے لگی ہے۔ یہ مسلسل خامشی ان کے زخموں پر نمک بن چکی ہے۔ جو ان کے حق میں نعرے لگاتے نہ تھکتے تھے اب ان سے سوال کرنے لگے ہیں کہ آپ کے نام پر ہمیں دھوکہ دیا گیا لیکن آپ خاموش رہے، کیوں؟
آپ نے پارٹی کی صدارت سنبھالی اور پھر بھی کسی بھی غریب کی صدا آپ کی سماعتوں تک نہ پہنچی، کیوں؟ میاں صاحب بجلی کے بل قیامت بن کر ہم پر برس رہے تھے اور آپ خاموش رہے، کیوں؟ لوگوں کے بچے مہنگائی سے، بھوک سے بلک بلک کر بھوکے سو جاتے ہیں اور آپ ثاقب نثار کے قصے سنا رہے ہیں، کیوں؟
وفاق میں آپ کے بھائی کی حکومت ہے، پنجاب میں آپ کی بیٹی کی حکومت ہے اور پورے ملک میں غریب کا جینا اجیرن ہے، کیوں؟ تنخواہ دار طبقہ دھاڑیں مار مار کر رو رہا ہے اور آپ جیل میں اپنی صعوبتوں کا ذکر کررہے ہیں، کیوں ؟
جن لوگوں نے آپ کے نام پر ووٹ دیا، آپ کو چوتھی دفعہ وزیراعظم بنانے کا خواب دیکھا وہی آپ کی حکومت کو کوس رہے ہیں اور آپ خاموشی سے یہ تماشا دیکھ رہے ہیں، کیوں؟
https://twitter.com/x/status/1808416509003456941
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/sjhgJQ2/ammh11ih213.jpg