Arslan
Moderator
کراچی ( ایس علی خان ) متحدہ قومی موومنٹ کے سابق کنوینر ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی تحقیقات کرنے والی لندن کی میٹروپولیٹن پولیس سروس نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی تحقیقات علیحدہ سیاسی جماعت بنانے کے گرد گھومتی ہیں اور یہی تحقیقات کی کلیدی کڑی ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس سروس کے اس بیان سے ایک بار پھر کراچی میں ہلچل مچ گئی ہے اور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے پہلی بار باقاعدہ اس بات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ مقتول ڈاکٹر عمران فاروق کوئی الگ سے سیاسی جماعت بنانے کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے، تاہم کراچی کے متعدد علاقوں میں ڈاکٹر عمران فاروق گروپ کے شواہد اور سرگرمیاں محسوس کی گئی ہیں ، کراچی کے مختلف علاقوں جن میں او رنگی ٹاﺅن ، قصبہ کالونی ، علی گڑھ ، بنگلہ بازار، بہار کالونی ، نارتھ ناظم آباد ، گل بہار، پاک کالونی ، سر جانی ، گلستان جو ہر ، شاہ فیصل کالونی ، ملیر ، لانڈھی اور کو رنگی میں گزشتہ چند دنوں سے نئی سیاسی سرگرمیاں محسوس کی گئی ہیں ۔ مذکورہ سرگرمیوں نے متحدہ قومی موومنٹ کو مزید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے ۔ کراچی کی سیاست سے تعلق رکھنے والے بعض عناصر کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد میں ایم کیو ایم ڈاکٹر عمران فاروق گروپ کی تنظیم اور کارکن سازی کے حوالے سے مہم جاری ہے ، کارکنان ایک دوسرے سے خفیہ رابطے کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تنظیم کے باقاعدہ اعلان کے بعد کراچی اور حیدر آباد کے متعدد علاقوں میں وال چاکنگ اور پوسٹر بھی لگائے جانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔
source
source