
پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان کی ٹیلی تھون کو ٹی وی پر براہ راست نشر کرنےکیلئے عدالت سےرجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملک میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے عمران خان کی انٹرنیشنل ٹیلی تھون کو براہ راست ٹی وی چینلز پر نشر کرنے کی اجازت کیلئے پی ٹی آئی نے پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سےدرخواست میں موقف اپنایا جائے گا کہ پیمرا عمران خان کی سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے کی جانے والی ٹیلی تھون کو براہ راست نشر کرنے کی اجاز ت دے، درخواست میں عدالت سے استدعاکی جائے گی کہ عدالت پیمرا کو حکم دے کہ عمران خان کو براہ راست ٹی وی چینلزپر نشر کرنے کی پابندی ختم کی جائے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان پیر کی رات 9 بجے سے رات 12 بجے تک سیلاب متاثرین کی مدد کیلئےعطیات جمع کرنے کیلئے ٹیلی تھون کریں گے ، اس ٹیلی تھون میں وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اور وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان سمیت دیگر پی ٹی آئی کے رہنما شریک ہوں گے۔