
تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ یہاں عمران خان کو جان سے مارنے کی سازش تیار ہورہی ہے۔
انہوں نے یہ انکشاف جی این این کے پروگرام "خبر ہے" میں خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کیا اور کہا کہ ایک گھٹیا لیبارٹری ہے جہاں ایک پرانا فارمولا تیار ہوا جو بین الاقوامی طور پر سامنے آیا، اسی بین الاقومی طور پر عمران خان کی جان لینے کی سازش بھی تیار کی جارہی ہے،اللہ ان کو اپنی حفظ و امان میں رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تو وقت سے پہلے ہمیشہ خبردار کردیتے ہیں، یہ جو چور ڈاکو لٹیرے اور تماش بین جن کی کرپشن، کنڈکٹ اور کریکٹر 35 سال سے عوام کے سامنے ثابت ہوچکا ہے، ان کو کبھی بھیج دیا گیا اور کبھی واپس لے آیا گیا ، بس یہ ڈرامہ بازی اس ملک میں چل رہی ہے، ہم عوام کی نوکری کرنے آئے تھے غلامی کرنے نہیں آئے تھے ۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ میں پنجاب حکومت سمیت پاکستان کی تمام حکومتوں کو یہ چیلنج کرتا ہوں کہ یہ عمران خان کو گرفتار کرکے دکھادیں، پھر ہمیں 20 تاریخ کا انتظار بھی نہیں کرنا پڑے گا بلکہ 2،4 دن میں ہی فیصلہ ہوجائے گا۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ہم کریک ڈاؤن سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ہم سب یہیں موجود ہیں، ہمارے لیے عوام فیصلہ کرچکی ہے ہم ان گیڈر بھبھکیوں سے نہیں ڈرتے اور نہ ہی ہم نواز شریف کی طرح بھگوڑے ہیں نا مفرور ہیں اور نا ہی اشتہاری ہیں اور نا ہی ہم معاہدے کرکے سعودی عرب گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان کی طرح اداروں کو بدنام کرنے نہیں جارہے، ہم نے دیکھا کہ یہاں نواز شریف اور مریم نواز نے نام لے کر اداروں کو بدنام کیا اور کھل کر گالیاں دیں وہ تو سب جائز ہے مگر جب ہم اپنے حق اور ملک کی بقاء کیلئے بات کریں تو یہ آئین شکنی اور آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی ہے۔