
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر عمران خان نے تماشہ لگانے کی کوشش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام "جیو پاکستان" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ماضی میں آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر ایسے حالات کبھی پیدا نہیں ہوئے، اس بار عمران خان نے تماشہ لگانےکی کوشش کی ، تاہم وہ اس میں ناکام رہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان جب تاریخ کا اعلان کریں گے اس سے قبل ہی آرمی چیف کی تقرری کا فیصلہ ہوچکا ہوگا۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نےکہا کہ یہ لانگ مارچ نہیں رینگ مارچ ہے جو رینگ رہا ہے، راولپنڈی میں پی ٹی آئی تاریخ کا سب سے چھوٹا اجتماع ہوگا، عمران خان کے عمل کو پوری طاقت سے روکنا ضروری تھا، ورنہ ہر3سال بعد لانگ مارچ ہونا شروع ہوجاتے۔