مشہور بھارتی گلوکار کمار سانو نے سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کیلئے گانا گانے کی خبروں اور ویڈیوز کی تردید کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر گزشتہ دنوں سے ایک ویڈیو گردش کررہی تھی جس میں کمار سانو کی آواز میں سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کیلئے ایک گیت ریکارڈ کیا گیا تھا۔
کمار سانو نے انسٹاگرام پر اس ویڈیو کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں نے عمران خان کیلئے کوئی بھی گانا نہیں گایا، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں سنائی دینے والی آواز میری نہیں ہے بلکہ وہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سےتیار کردہ جعلی آواز ہے۔
انہوں نے کہا میں اپنے فینز کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ گانے والی ویڈیو اور اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں جعلی اور جھوٹی ہیں، کچھ لوگ مجھے بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں، حکومت بھارت سے درخواست ہے کہ اے آئی اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے اقدامات کیے جائیں ، یہ ٹیکنالوجی سنگین اور غلط انداز سے استعمال ہورہی ہے۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں کمار سانو کو ایک میوزیکل کانسرٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کیلئے ایک گیت گاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔