
سینئر تجزیہ کار حبیب اکرم نے کہا ہے کہ عمران خان نے خود کو پاور ثابت کردیا،اب تمام قوتیں ان کے ساتھ پاور کے طور پر ڈیل کررہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حبیب اکرم نے یہ گفتگو سماء ٹی وی کے پروگرام میرے سوال میں اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کی اور کہا کہ عمران خان نے سسٹم سے جو رعایت لی ہے وہ کسی سازش کے تحت نہیں لی بلکہ انہوں نے یہ رعایت اپنی جارحانہ سیاست کے بل بوتے پر کمائی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1573744072342355968
انہوں نے مزید کہا کہ اپریل اور اس سے پہلے کے چند مہینے دیکھیں تو عمران خان کے خلاف ایک نفرت تھی جو بعد میں آکر کم ہونا شروع ہوئی، پنجاب میں 20 سیٹیوں پر ضمنی انتخاب کے دوران عمران خان نے متعدد جیت لیں تو پھر یہ حقیقت آشکار ہوئی کہ عمران خان نے اپنی جارحانہ حکمت عملی کے نتیجے میں نظام سے سہولت لی ہے۔
حبیب اکرم نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں یہ کوئی نئی بات نہیں ہے جو اب ہورہی ہے،یہ ہمیشہ سے تھا کہ "پاورٹاکس ٹوپاور"، والی کیفیت ہی ہے، عمران خان نے خود کو ایک پاورثابت کیا تو پاکستان کی تمام قوتیں ان سے اسی حساب سے ڈیل کررہی ہیں۔
سینئر تجزیہ کار نے کہاکہ ہمارے ملک میں اقتدار تک جانے کے2راستے ہوتےہیں، عمران خان خود کو حکومت میں دیکھ رہےہیں، مقبولیت کے گراف پر نظر ماریں تو اس میں عمران خان نے بہت کچھ جیت رکھا ہے، اس کے نتیجے میں اب وہ پاور سٹرکچر میں بھی اپنی جگہ بنانا چاہتے ہیں۔
حبیب اکرم نے کہا کہ عمران خان چاہتے یہ ہیں کہ پاکستان کے پاور اسٹرکچر میں تمام لوگوں کو یہ پیغام دیا جائے کہ وہ سب کو ساتھ لے کر چلنے کیلئے ہیں، اس چیز کی بنیاد پر ہوسکتا ہے کہ عمران خان کسی موقع پر دوبارہ اسمبلیوں میں بھی چلے جائیں۔