
پاکستان تحریک انصاف کےچیف آف اسٹاف ڈاکٹر شہباز گل نے سابق وزیراعظم عمران خان کے گھر سے جاسوسی کے الزام میں پکڑے جانے والے ملزم کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا ہے، تاہم اس کی شناخت کو مخفی رکھا گیا ہے۔
میڈیا نمائندوں کے سامنے ملزم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ یہ23سالہ نوجوان گزشتہ 6 سالوں سے عمران خان کے بنی گالہ گھر میں نوکری کرتا تھا،اس شخص کو 50 ہزار روپے دیئے گئےاور کہا گیاکہ ایک ڈیوائس لگانی ہے،ڈیوائس لگانے کے بعد مستقل طور پر خرچ کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر شہباز گل کے مطابق اس نے ان لوگوں کو جواب دیا کہ جو عمران خان کی قیام گاہ ہے وہاں مجھے جانے کی اجازت نہیں ہے، وہاں جانےو الے ملازمین دوسرے ہیں، جس کے بعد ان لوگوں نے اس سے کہا کہ کسی ایسے ملازم کو ہمارے ساتھ ملواؤ جس کی عمران خان کی قیام گاہ تک رسائی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1541058318005059585
رہنما تحریک انصاف نے مبینہ طور پر ملزم سے برآمد ہونے والی ڈیوائس بھی میڈیا نمائندوں کو دکھائی اور بتایا کہ یہ ایک بہت حساس ڈیوائس ہے جس میں ایک طاقتورمائیک لگا ہوا ہے جو معمولی آوازکو بھی سن کر آگے پہنچا دیتا ہے، پہلے مرحلے میں آڈیو ڈیوائس لگائی گئی اس کے بعد کوئی بارودی ڈیوائس لگانے کی منصوبہ بندی بھی ہوسکتی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1541026118173704192
شہباز گل نے کہا کہ پارٹی وکلاء کا موقف تھا کہ اس معاملے پر قانونی چارہ جوئی کی جانی چاہیے تاہم عمران خان نے کہا کہ یہ ملزم ایک غریب آدمی ہے، میں ساری زندگی غریب آدمی کے ساتھ کھڑا ہوا ہوں، اصل مجرم وہ ہیں جنہوں نے پیسے دے کر اس کو خریدا، اس کی جان بچانے کیلئے ہمیں یہ معلومات شیئر کرنی پڑرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مبینہ طور پرجاسوسی کرنے والے شخص کو معاف کردیا ہے، اس کو خریدنے والےلوگوں کو ہمارا پیغام ہے کہ گھروں کے تقدس کو پامال نہیں کیا جانا چاہیے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8shahbazgillspymulazim.jpg