
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی 8 میں سے مزید 2 سیٹیں ہار کر حکومت کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی فتح اور حکومتی اتحاد کی شکست پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ سڑکوں پر یلغار یا وفاقی دارالحکومت پر حملےسے حکومتیں نہیں گرائی جاسکتیں، حکومت بدلنے کیلئے 172 ارکان کی اکثریت ثابت کرنا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے خود8 سیٹوں پر الیکشن لڑکے اپنی جماعت کی 8 سیٹیں کم کردی ہیں،، پی ٹی آئی ایک ون مین پارٹی بن چکی ہے جس کے پاس کوئی اور دوسرا امیدوار نہیں ہے، اپنی 8 میں سے مزید 2 سیٹیں ہارنےکے باوجود جشن منانے کا ڈھونگ کیا جارہا ہے؟، عمران خان پارلیمنٹ میں 172 کا میجک نمبر پورا کریں، حکومت کی تبدیلی اس نمبر سے آئے گی اسلام آباد پر یلغار سے حکومتی کی تبدیلی نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کے نتائج کےبعد کیا پاکستان تحریک انصاف کے لوگ اب پریس کانفرنس کرکے چیف الیکشن کمشنر سے معافی مانگیں گے یا آج بھی چیف الیکشن کمشنر کو الزامات،دھمکی اور گالیوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔