
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ایک شخص کے کہنے پر دو اسمبلیاں توڑ دی گئیں، اب عمران خان چاہتے ہیں جو وہ کہیں وہی ہوگا تو ایسا بالکل نہیں ہوگا، کیونکہ وہ فاشسٹ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے ایک پریس کانفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسمبلیاں بچوں کا کھلونا ہے جو ایک آدمی کے کہنے پر توڑ دی گئیں؟ کسی نے وجہ بتائی یا کسی نے وجہ پوچھی؟ کسی نے اس پر سو موٹو لیا؟
انہوں نے مزید کہا کہ ایک آدمی نے حکم دیا تو دو وزیراعلی زمین پر لیٹ گئے اور زمین چاٹنے لگے، صوبوں کے عوام کے مینڈیٹ سے کھلواڑ کیا آپ نے، اب یہ چاہتے ہیں کہ جو آپ کہیں وہی ہو تو ایسا نہیں ہوگا، کیونکہ آپ فاشسٹ ہیں، میں عمران خان کی بات کررہا ہوں، آپ آئین شکن ہیں ، آپ کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج ان کو آئین یاد آگیا اور ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگ گئے ہیں، جھوٹی مقبولیت کا ایک بیانیہ بنایا جارہا ہے، ہم پاکستان کو اس "کلٹ فالوونگ" کے حوالے نہیں ہونے دیں، پاکستان انہوں نے نہیں ہمارے بزرگوں نے بنایا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وزراء تھے جنہیں غیب کا علم ہوتا تھا، وہ کہتے تھے کل سعد رفیق پکڑا جائے گا اور نیب ہمیں پکڑ لیتی تھی،وہ کہتے تھے پرسوں رانا ثناء اللہ پکڑا جائے گا اور اس کو پکڑ کر اس پر ہیروئن ڈال دی جاتی تھی، ہمیں ان لوگوں کی طرح کوئی معلومات نہیں ہے، ہم نہیں جانتے عمران خان نااہل ہوگا یا نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تاہم اگر انہوں نے فارن فنڈنگ لی ہے، توشہ خانہ میں جھاڑو پھیری ہے،سلیمانی ٹوپی پہنے ہوئے بلین ٹری سونامی جیسی وارداتیں کی ہیں ، عثمان بزدار کے ذریعے اگر پنجاب کو لوٹا ہے اور پیسہ آپ کے گھر جاتا تھا، ایسےگناہ سامنے آئیں گے تو قانون حرکت میں ضرور آئے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/7saadrafiqimrankahananan.jpg