
عمران خان نے ڈرٹی ہیری پر اپنی پارٹی کے خلاف وفاقی حکومت کے منصوبوں کو انجام پر پہنچانے کا الزام لگایا البتہ حالیہ تقریروں میں مسٹر X کا نام استعمال کرنے سے گریز کیا ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بہت سے لوگوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ "ڈرٹی ہیری" کون ہے؟ جس کا نام وہ بار بار اپنی تقریروں میں استعمال کرتے ہیں کیونکہ وہ ڈرٹی ہیری نام کا نام کسی ایسے سکیورٹی اہلکار کے حوالہ کے طور پر متعدد بار استعمال کر چکے ہیں جو مبینہ طور پر پاکستان تحریک انصاف کے ارکان پر تشدد اور دھمکیاں دینے میں ملوث ہے۔
حقیقی آزادی مارچ کے شروع میں عمران خان نے سٹیبلشمنٹ کے سکیورٹی اہلکاروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسٹر X اور مسٹر Y کو پارٹی کی سٹریٹ پاور ختم کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے لیکن اب وہ ڈرٹی ہیری کا نام ایک ایسے شخص کیلئے استعمال کر رہے ہیں جو ان کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تعینات ہے۔
عمران خان کے مطابق مسٹر X اپنے سوچ کے مطابق انصاف حاسل کرنے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ اور اخلاقی حدود کو بھی کراس کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے، خاص طور پر جب قانون انصاف نہ کر رہا ہے جبکہ عمران خان نے ڈرٹی ہیری پر اپنی پارٹی کے خلاف وفاقی حکومت کے منصوبوں کو انجام پر پہنچانے کا الزام لگایا البتہ عمران خان نے حالیہ تقریروں میں مسٹر X کا نام استعمال کرنے سے گریز کیا اور سکیورٹی اہلکار کو ڈرٹی ہیری پکارنا شروع کر دیا ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں ورہنمائوں کو دھمکیاں دیکر اپنے طاقت کا غلط استعمال کر رہا ہے۔
عمران خان کے مطابق یہ تحریک انصاف کے چیف آف سٹاف شہباز گل اور سینیٹر اعظم سواتی سمیت ان کے پارٹی ارکان کو حراست میں لینے اور تشدد کے پیچھے بھی یہی ڈرٹی ہیری ہے۔
حال ہی میں تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ "اسلام آباد میں 'ڈرٹی ہیری لوگوں کو برہنہ کر کے ان پر تشدد کرنے کا شوق رکھتا ہے" جبکہ سینیٹر پاکستان تحریک انصاف اعظم سواتی نے پریس کانفرنس میں خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے 2 اہلکاروں کے نام بھی ظاہر کیے جو مبینہ طور پر ان پر حراست کے دوران تشدد میں ملوث تھے جس میں انہیں برہنہ بھی کیا گیا۔عمران خان کے بہت سے حامی "ڈرٹی ہیری" نام کی اصطلاح کا پس منظر نہیں جانتے کہ ڈرٹی ہیری کیا ؟
ڈرٹی ہیری 1970ء کی دہائی کی ہالی وڈ کی ایک کلاسک کرائم تھرلر فلم ہے جو سان فرانسسکو کے ڈرٹی ہیری کالہان نامی پولیس انسپکٹر پر مبنی ہے جو اپنی قانونی ذمہ داریاںجاننے کے باوجود بدلہ اپنے ہاتھوں سے لیتا ہے، اسے پولیس فورس میں ایک بدمعاش کے طور پر تصور کیا جاتا ہے اور اس کا اکثر اعلیٰ افسران کے ساتھ اختلاف ہوتا رہتا ہے جو اس کے طریقوں پر تنقید کرتے ہیں۔ فلم کا مرکزی کردار کلائنٹ ایسٹ وڈ نے ادا کیا تھا جو فلم میں اپنے آپ کو ڈرٹی ہیری پکارتا ہے کیونکہ اسے ہمیشہ ایسا کیس دیا جاتا ہے جو کوئی اور نہیں لیتا۔
ڈرٹی ہیری ایک اغواشدہ لڑکی کے مرنے سے پہلے ایک نفسیاتی قاتل کا سراغ لگانے کی کوشش کرتا ہے، وہ مل جاتا ہے لیکن اسے جیل سے ریلیز کر دیا جاتا ہے تو وہ ایک سکول بس کو ہائی جیک کر لیتا ہے جسے پکڑنے کیلئے ڈرٹی ہیری کو اس نفسیاتی قاتل کے پیچھے جانا پڑتا ہے، جب ہیری نفسیاتی قاتل کو پکڑ لیتا ہے تو اس کے شہری حقوق سلب کرتے ہوئے اسے مار دیتا ہے! ڈرٹی ہیری فلم کے امریکہ میں ریلیز ہونے کے بعد وہاں کے شہریوں نے ان سکیورٹی اہلکاروں کے خلاف احتجاج کیا تھا جو انصاف کو اپنے ہاتھوں میں لیتے ہیں اور اپنی طاقت کا غلط استعمال کرتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11khandirtyharry.jpg