
عمران خان کا مطالبہ ہے کہ انتخابات کی تاریخ دی جائے، بات چیت میں جلد کامیابی حاصل ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل دنیا نیوزکے پروگرام "نقطہ نظر" میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیاست کا موسموں سے کوئی تعلق نہیں ہے، موسم گرم ہوا تو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کریں گے، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کسی حکومتی کمیٹی سے بات چیت نہیں کریں گے، وہ بات وہاں کریں گے "جتھے گل مکنی اے" (جہاں بات ختم ہو سکتی ہے)، اور بات ہو بھی رہی ہے۔
عمران خان کا مطالبہ ہے کہ انتخابات کی تاریخ دی جائے، بات چیت میں جلد کامیابی حاصل ہو گی۔انتخابات کی تاریخ میں کامیابی کی کرن لانگ مارچ شروع ہوتے ہی نظر آگئی ہے جبکہ موجودہ حکومت چاہتی ہے وہ اپنی مدت ختم ہونے پر انتخابات کرائے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے مجھے وزیراعلیٰ پنجاب بنایا، ان کا شکرگزار ہوں، عوام کی خدمت کرنا میرا فرض ہے! سیلاب کے باعث پنجاب کے 4 اضلاع متاثر ہوئے، جانور ہلاک، فصلیں تباہ ہوئیں، ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے عوام کو ریسکیو کیا جبکہ وفاقی حکومت نے ابھی تک کوئی پیسہ نہیں دیا، وفاقی حکومت کو سعودی عرب نے بہت کچھ دیا لیکن صوبائی حکومت کو کچھ نہیں ملا، عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کرنے کا کہا تھا اور ٹیلی تھون کے ذریعے پیسے اکٹھے ہوئے۔
پرویز الٰہی نے ڈی جی آئی ایس آئی کی پریس کانفرنس کے حوالے سے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس پر کوئی بات نہیں کرینگے، امید ہے بات چیت سے ہی کوئی حل نکل آئے گا، عمران خان میرے لیڈر ہیں، جیسے کہیں گے کروں گا، وہ ان چوروں کو برداشت نہیں کرینگے، جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسلم ممالک سے تعلقات بہتر کیے، ان کا رہنا ہی بہتر ہے، ان کی ایکسٹینشن عمران خان کے علاوہ پی ڈی ایم بھی چاہتی تھی جبکہ میں بھی یہی چاہ رہا ہوں لیکن آرمی چیف نے کہا کہ وقت بچوں کے ساتھ گزارنا چاہتا ہوں!
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے 100 فیصد دل سے دل ملا کر کام کر رہے ہیں، ن لیگ سے اب پکی پکی کٹی ہو چکی ہے، شریفوں کومجھ سے زیادہ کون جانتا ہے؟ میاں محمد نوازشریف کو جب دوتہائی اکثریت ملی تو تو آرمی چیف سے پھڈا شروع کر دیا، مشرف سے پھڈا ہوا، علی قلی سے بھی خواہ مخواہ پھڈا کیا جبکہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے بھی ان کا پھڈا ہوا،! جنرل قمرجاوید باجوہ نے عمران خان کو بھی ویسے ہی سپورٹ کیا جیسے باقی حکومتوں کو کیا تھا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے پنجاب کیلئے کچھ نہیں کیا، انہیں باقی صوبوں کی طرح یہاں بھی آنا چاہیے تھا، 15 سال میں منڈی بہائوالدین، گجرات میں کھوٹا سکہ نہیں لگایا بلکہ شہباز اور حمزہ نے آتے ہیں گجرات کے فنڈز بھی رکوا دیئے، چھوٹے کسانوں کی ہم خود مدد کر رہے ہیں، 5 نئے ڈسٹرکٹ بنائے، 3 ضلعے لاہور میں بنا رہے ہیں تاکہ شہریوں کی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوں، بلدیاتی انتخابات میں ہم کوئی تاخیر نہیں کرینگے، دوبارہ بلدیاتی قانون بنا دیا لیکن ان کے گورنر نے قانون ٹھیک نہیں ہے کہہ کر واپس کر دیا، پھر سے گورنر پنجاب کو قانون بھیج دیا ہے،یوسیز کی تعداد 24 کے بجائے 26 ہزار کر دی ہے، لیگی اراکین بحال بھی ہو جائیں تو پنجاب حکومت کا کچھ نہیں کر سکتے!