
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اگر اپنی پشاوری چپل کی نیلامی کریں تو عوام اس پر اربوں روپے نچھاور کردیں گے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بیان پبلک ٹی وی کے پروگرام خبر گرم ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دیا اور کہا کہ پاکستان کی خودداری، عزت، سالمیت کا بوجھ اکیلے عمران خان نے اپنے کندھوں پر اٹھا رکھا ہے، ہمارا لیڈر ہماری سوچ سے بھی زیادہ دلیر اور بہادر نکلا ہے۔
توشہ خانہ کےتحائف بیرون ملک فروخت کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہوتا ہے کہ یہ لوگ جو اس قسم کی باتیں کررہے ہیں یہ گھڑی اور ہار کے چکر میں پڑگئے ہیں انہیں یہ نہیں پتا کہ اگر عمران خان اپنی پشاوری چپل کی نیلامی کا اعلان کردے تو لوگ اربوں نچھاور کردیں گے۔
عالیہ حمزہ نے کہا کہ اگر عمران خان اپنے گھر کی چھوٹی سے چھوٹی کوئی چیز بھی لاکر فروخت کرنے کیلئے دیں تو عوام اس پر کروڑوں روپے نچھاور کردیں گے، ہم نے امپورٹڈ حکومت کے نام سے ایک ویب سائٹ بنائی 24 گھنٹے میں اوورسیز پاکستانیوں نے وہاں پر ایک ارب روپے سے زائد کے فنڈز جمع کروادیئے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے کوئی الزام لگانا ہی تھا تو کوئی بڑا الزام لگاتے، عمران خان کی ساڑھے تین سال کی حکومت میں انہیں ایک یہی کیس ملا ہے؟ عوام اس وقت بس یہ کہہ رہی ہے کہ ان کا ملک بیچا جارہا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14aliyahamza.jpg