ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے احتجاج سے متعلق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے وفاقی سطح پر رابطے جاری ہیں، جس کی تصدیق صوبائی وزیر ظاہر شاہ طورو نے کردی۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومتی نمائندوں نے وزیراعلیٰ سے احتجاج منسوخ کرنے سے متعلق گفتگو کی جبکہ علی امین گنڈاپور نے احتجاج کسی صورت منسوخ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے نمائندوں کے رابطوں پر وزیراعلیٰ نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بھی طلب کرلیا، اجلاس میں احتجاج سے متعلق امور پر مشاورت کی جائے گی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ڈی چوک احتجاج پر ڈٹ گئے ہیں۔
علی امین نے جواب دیا ہے کہ احتجاج صرف بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر منسوخ ہوگا۔ وفاقی حکومت پُرامن احتجاج کے راستے میں رکاوٹ نہ بنے۔
Source