علاج معالجے کے باوجود ابھی تک شہباز گل کا سانس بحال نہ ہو سکا

shehbaz-gill-hospital-asthma-issue.jpg


تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا پمز اسپتال میں علاج جاری ہے، جہاں تمام تشخیص اور علاج کے باوجود بھی ابھی تک ان کا سانس ٹھیک نہیں ہوا، شہبازگل کی جانب سے ابھی بھی سانس اکھڑنے کی شکایت کی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شہباز گل نے گزشتہ شب بھی سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی تھی، جس کے بعد میڈیکل بورڈ کی جانب سے شہباز گل کا ایک اور ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے شہباز گل کی سی ٹی پلمونری اور انجیوگرافی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہباز گل کے تمام ٹیسٹ نارمل آنے کے باوجود سانس میں تکلیف ہے۔ تا ہم سی ٹی پی اے کی تشخیص کے بعد فیصلہ ہوگا کہ دواؤں میں کیا ردوبدل کیا جانا چاہیے۔

عدالت سے پمز منتقلی سے اب تک شہباز گل کی صحت کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ بلڈ پریشر، ٹمپریچر اور دیگر معائنے وقت پر کیے جاتے ہیں۔

میڈیکل بورڈ کے ارکان کی ہدایات اور نگرانی میں تمام ادویات وقت پر دی جا رہی ہیں، تاہم سی ٹی پی اے کے بعد فیصلہ ہوگا کہ مزید کسی ٹیسٹ کی ضرورت ہے یا نہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ڈاکٹروں نے رپورٹ میں کہا تھا کہ شہبازگل گردن، چھاتی اور بائیں بازو میں تکلیف محسوس کر رہے ہیں۔