
حکومت نے عدلیہ مخالف سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کرلیا ہے، مہم چلانے والوں کو گرفتار بھی کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں عدلیہ مخالف نفرت انگیز مواد کی روک تھام کیلئے قائم کردہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کا خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت جے آئی ٹی سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے کی، اجلاس میں سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مہم چلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں حساس اداروں کے افسران نے اس حوالے سے پلان آف ایکشن سربراہ جے آئی ٹی کو پیش کیا، جے آئی ٹی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کو سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کی معلومات جمع کرنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ عدلیہ مخالف مہم کے تحت مواد اپلوڈ ، شیئر یا ایسے مواد پر کمنٹ کرنےوالوں کی تمام تفصیلات حاصل کی جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں عدلیہ مخالف مہم میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے ایک فہرست مرتب دی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ملوث افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/qazj1j113.jpg