
آئی سی سی ٹی 20 سیمی فائنل میں محمد حفیظ کے ہاتھ سے پھسلی گیند پر ڈیوڈ وارنر کے چھکا مارنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، لوگوں نے ڈیوڈ وارنر کو اس موقع پر اسپورٹس مین اسپرٹ نہ دکھانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ سیمی فائنل کے دوران پاکستان کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے محمد حفیظ کے ہاتھ سے گیند پھسلی اور 2 ٹھپے کھا کر جب بیٹنگ کرتے ڈیوڈ وارنر کے قریب پہنچی تو انہوں نے زور دار شاٹ لگاتے ہوئے بال کو باؤنڈری کے باہر پھینک دیا۔
امپائر نے اس گیند کو نو بال قرار دیا اس طرح بغیر گیند کے آسٹریلیا کو 7 رنز کا فائدہ ہوا، تاہم سوشل میڈیا پر یہ کلپ تیزی سے وائرل ہوا اور لوگوں نے ڈیوڈ وارنر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین ماضی کے ریکارڈ سے پاکستانی لیجنڈ بیٹسمین عامر سہیل کی ایک ویڈیو بھی ڈھونڈ لائے جس میں ہوبہو ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا مگر اس میں بیٹنگ کرنے والے عامر سہیل نے ڈیوڈ وارنر سے یکسر مختلف ردعمل دیتے ہوئے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہر ہ کیا۔
اس میچ میں نیوزی لینڈ کے باؤلر سے باؤلنگ کے دوران گیند ہاتھ سے پھسلی اور پچ کے سائیڈ میں جاگری، عامر سہیل تمام فیلڈرز کو پیچھے رہنے کا اشارہ کرتے ہوئے گیند کے قریب پہنچ گئے اور شاٹ مارنے کی تیاری کرنے لگے، انہوں نے زمین پر پڑی گیند کے قریب جاکر پوری طرح گھوم کر یہ تاثر دیا کہ وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کس طرف شاٹ کھیلی مگر انہوں نے گیند کو بلے سے چھوا تک نہیں۔
https://twitter.com/x/status/1459447234110447621
اس گیند کو بھی امپائر نے نو بال قرار دیا تھا ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عامر سہیل کے اس ردعمل پر پویلین میں موجود وسیم اکرم اور دیگر کھلاڑیوں کے قہقے چھوٹ گئے اور نیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑی بھی مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔