پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر عمران خان اقتدار سے جائیں گے تو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھی گھر جانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل کے پروگرام"فیصلہ آپ کا" میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میرے ذہن میں بالکل بھی ابہام نہیں ہے، جیسے پرویز مشرف کے خلاف "٘مواخذے" کے لئےآصف علی زرداری کو کہا گیا جس کے نتیجےمیں پرویز مشرف نے اپنے عہدے سے استفیٰ دے دیا تھا۔
ن لیگی رہنما نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعظم عمران خان کا اقتدار گرتا ہے اور صدر صاحب کو بھی خاموشی کے ساتھ گھر چلے جانا چاہیئے۔
واضح رہے کہ منگل کے روز حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں جمع کرواتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے ’دن گنے جا چکے ہیں‘ اور ’ان کے اپنے لوگ ان سے بیزار ہیں۔‘
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد پر ن لیگ، پیپلز پارٹی، اے این پی سمیت 86 اراکین کے دستخط ہیں، تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اسٹاف نے وصول کی، اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروانے کے ساتھ ساتھ اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن بھی جمع کروائی گئی۔
قواعد کے مطابق اسپیکر تحریکِ عدم اعتماد پر کم از کم 3 دن کے بعد اور 7 دن سے پہلے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔