
شہزاد سلیم کو ایک بار پھر قومی احتساب بیورو لاہور کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کر دیا گیا ہے،شہزاد سلیم کو نیب لاہور کا ڈی جی لگانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے،نیب لاہور کے سابق ڈی جی جمیل احمد کو نیب ہیڈ کوارٹرز رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
شہزادسلیم سال 2017سے نیب لاہور میں تعینات تھے، گزشتہ برس شہزاد سلیم کی 4 سالہ کارکردگی کی رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب لاہور نے تاریخ کی سب سے زیادہ ریکوری ڈی جی شہزاد سلیم کے دور میں کی۔
نیب لاہور کی 4 سالہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق شہزاد سلیم کے دور میں 7 ارب روپے سے زائد براہ راست اور 77 ارب روپے سے زائد بلواسطہ ریکوری کے علاوہ 60 ارب روپے سے زائد مالیت کے ریفرنس عدالتوں میں دائر کیے گیے۔
گریڈ 21 کے افسر شہزاد سلیم کا گزشتہ برس 23 دسمبر کو تبادلہ کر کے اویئرنیس اینڈ پریونشن ڈویژن نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں تعینات کیا گیا تھا،ان کی جگہ گریڈ 21 کے ہی جمیل احمد کو ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور تعینات کیا گیا تھا جو اس سے قبل وفاقی سیکریٹری سمیت اہم ذمہ داریاں ادا کرچکے تھے اور 5 ماہ قبل ہی بیورو کا حصہ بنے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال، جمیل احمد کی کارکردگی سے ناخوش تھے،4 ماہ بعد ہی سلیم شہزاد کا دوبارہ نیب لاہور جبکہ جمیل احمد کا نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد تبادلہ کردیا گیا،شہزاد سلیم ماضی میں میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، ان کے بھائی اور موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے اہلِ خانہ کی مبینہ بدعنوانی کے مقدمات کی بھرپور پیروی کی وجہ سے خبروں میں رہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/nab-shazad-lahore.jpg