
مسلم لیگ ق کے رہنما کامل علی آغا نے وزیراعظم شہباز شریف کو بڑا چیلنج کردیا، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو چیلنج کرتاہوں پچھلے 30 سال کے توشہ خانہ کی لسٹ جاری کی جائے بہت کچھ نکلے گا۔
ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمر عباس سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان تو شاید بچ جائیں لیکن دونوں بڑی جماعتوں کے سربراہ نہیں بچ سکیں گے،کئی رہنماوں نے تو بغیر کچھ دیے چیزیں گھر لے گئے۔
کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وزیر اعلی پرویز الہی بنیں گے،نائب صدر مسلم لیگ ن رانا تنویر نے کہا کہ توشہ خانہ سے تحفہ خریدنا جرم نہیں، تحفہ بیچنا جرم ہے،توشہ خانہ سے ادائیگی کے بعد تحفہ لینا جرم نہیں تحفہ لیکر بیچ دینا جرم ہے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کے توشہ خانے سے گھڑی اور ہار خرید کر بیچنے سے متعلق کہا کہ اصل کہانی یہ نہیں کہ عمران خان نے گھڑی اور ہار پہلے خریدے، پھر بیچ دیے،اصل کہانی یہ ہےکہ عمران نے گھڑی اور ہار کتنے میں حکومت سے خریدے اور کتنےمیں بیچ دیے؟
مریم نواز نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ وہ تحائف خریدنے کیلئے عمران خان کے پاس پیسے کہاں سے آئے؟ وزیراعظم کی تنخواہ کے علاوہ عمران خان کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں سینیئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ میں تصدیق کر سکتا ہوں کہ عمران خان نے توشہ خانے سے تحائف لے کر بیرون ملک فروخت کیے ہیں۔
وزیراعظم نے بیچے گئے تحائف کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے یہ تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں فروخت کیے، قیمتی تحائف میں ڈائمنڈ جیولری، بریسلٹ، گھڑیاں اور سیٹ شامل ہیں۔
ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ توشہ خانہ کی مکمل تحقیقات ہوں گی، گولڈ پلیٹڈ کلاشنکوف بھی غائب ہے،کہا گیا گھڑی تحفے میں ملی اور ہم نے بیچ دی تو کیا ہوا، یہ لوگ ملک کے اثاثے بیچنے میں ملوث ہیں، آپ کو گھڑی، کفلنک اور انگوٹھیاں ملیں اور یہ تمام چیزیں 14 کروڑ مالیت کی تھیں لیکن 2 کروڑ روپے جمع کرائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کفلنک، گھڑی اور انگوٹھی انہوں نے 18 کروڑ روپے میں فروخت کیں،۔ توشہ خانہ کی تمام تفصیلات آئیں گی اس کی تحقیقات ہوں گی۔ کرائے کے ترجمان واپسی کے لیے عدالتوں سے رجوع کر رہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8kamilaghatoshakhana.jpg