
موجودہ حکومت نے گزشتہ 8 ماہ کے دوران مزید 2ہزار 260 ارب روپے کا قرض لے کر ملکی قرضے میں کھربو ں کا اضافہ کردیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق وفاقی حکومت نے جولائی 2022 سے مارچ 2023 کے عرصے میں بینکوں سے 2ہزار260 ارب روپے قرض لے لیا ہے ، گزشتہ مالی سال کے اس عرصے میں535 ارب روپے کا قرض لیا گیا تھا۔
صرف دسمبر 2022 کے ایک مہینے میں موجودہ حکومت نے92 ارب روپے کا قرض حاصل کیا، اس وقت حکومت کا مجموعی قرضہ51 کھرب روپے تھا، دسمبر 2021 میں یہ حجم 41 کھرب54 کروڑ روپے تھا جو ایک سال کے عرصے میں 9 کھرب50 کروڑ روپے بڑھ گیا ۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بجٹ سپورٹ کیلئے لیے گئے حکومتی قرضوں کا حجم2 ہزارارب سے بھی تجاوز کرگیا ہے، سال 2021 کے مقابلے میں سال 2022 میں حکومتی قرضوں کے مجموعی حجم میں 9 کھرب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے 8 مہینوں میں مختلف کمپنیوں کی جانب سے صرف 248 ارب روپے کا قرض لیا گیا، گزشتہ سال کے اس عرصے میں کمپنیوں کی جانب سے لیے گئے قرضوں کا حجم911 ارب روپے تھا۔