وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شرجیل میمن اور اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار کی اپنی کوئی حیثیت نہیں، یہ دونوں تو آصف علی زرداری اور نواز شریف کے پیسوں کے پہرے دار ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ پنڈورا پیپرز سے نواز زرداری کرپشن کے مزید پرت سامنے آئے ہیں۔ قوم نے پہلے پاناما اور اب پنڈورا میں ان کے چہروں سے نقاب اُترتا دیکھا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی فواد چودھری پنڈورا پیپرز سے متعلق کہہ چکے ہیں کہ پنڈورا پیپرز میں غریب ممالک کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے کی تفصیلات آتی ہیں تو اس سے عمران خان کے موقف کو مزید تقویت ملے گی۔ وزیراعظم نے امیر ملکوں پر زور دیا کہ غریب ملکوں سے چرایا گیا پیسہ امیر ملکوں میں چھپانے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔
فواد چودھری نے کہا ہمیں امید ہے کہ "پینڈورا پیپرز" تحقیقات بھی پاناما تحقیقات کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولے گی۔ پاناما پیپرز نے دنیا کے بڑے کرپٹ لوگوں کے بیرون ملک چھپائے اثاثوں کو بے نقاب کیا، ہمیں امید ہے کہ یہ تحقیقات بھی پاناما تحقیقات کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولے گی اور کرپشن کی حوصلہ شکنی کا ایک اور موجب بنیں گی۔