
نجی ٹی وی چینل سماء نیوز پر دیئے گئے حالیہ انٹرویو کے دوران قومی ٹیم کے سابق کپتان بوم بوم شاہد آفریدی نے شاہنواز دھانی سے متعلق ناراضگی کا اظہار کر دیا جب کہ مستقبل کے اپنے ہونے والے داماد کی پرفارمنس پر خوشی کا اظہار کیا اور ڈھیروں تعریفیں کر دیں۔
شاہد آفریدی نے شاہنواز دھانی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود دھانی کی کارکردگی میں بہتری نہیں آئی۔ وہ قومی ٹیم کے لیے 4 سے 5 ٹور کرچکے ہیں لیکن اس کے باوجود شاہنواز نے پچھلے ایک سال سے اپنی کارکردگی بہتر نہیں کی۔
دھانی کی سیلیبریشن پر بھی تنقید کرتے ہوئے لالا کا کہنا تھا کہ دھانی کی سیلیبریشن اوور ہوجاتی ہے، انہیں چاہیے ابھی اپنا فوکس کرکٹ پر رکھے ، یہ چیزیں تب اچھی لگتی ہیں جب آپ کی پرفارمنس اچھی ہو۔ میں دھانی سے خوش نہیں ہوں، انہیں چاہیے کہ اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں اور مجھے امید ہے کہ وہ لے آئیں گے۔
دوسری جانب اپنے مستقبل کے داماد فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی پرفارمنس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ڈھیروں تعریفیں کیں اور کہا کہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے میچ کی پہلی اننگز دیکھی مگر اس کے بعد دوستوں کے ساتھ مصروف تھا اس لیے شاہین کی پرفارمنس نہیں دیکھ پایا مگر بعد ہائی لائٹس دیکھیں اور سوچا کہ یہ تو بہت اچھا میچ ہوا ہوگا۔
سابق کپتان کا کہنا تھاکہ اس کے بعد مجھے اندازہ ہوا کہ شاہین مجھ سے بار بار کیوں کہتا ہے کہ لالا مجھے آپ کا بلا چاہیے؟ لیکن میں نے ابھی تک شاہین کو اپنا بلا نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شعیب اختر سمیت جتنے بھی فاسٹ بولر ہیں ان میں بیٹنگ کا شوق پایا جاتا ہے ایسا ہی شوق شاہین میں بھی ہے۔
شاہین کی بطور کپتان کارکردگی پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کے کپتان کی کارکردگی خاصی اہم ہوتی ہے اور شاہین کے میچز دیکھے جس کے بعد کہوں گا کہ وہ اچھے سے سب کچھ لے کر چل رہا ہے۔ فاسٹ بولر ہوتے ہوئے بہت احتیاط سے بولنگ کرنی چاہیے، ایک فاسٹ بولر کوکسی بھی میچ میں انرجی بچا کر رکھنی چاہیے تاکہ وہ آخری اوورز کرسکے ۔