مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر بھارتی کمپنی کو فنڈنگ دینے کے الزام میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔
لیگی رہنما رانا مشہود سمیت دیگر رہنماؤں نے ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وکلاء نے شاہد خاقان عباسی پر بھارتی کمپنی کو فنڈنگ دینے کا الزام عائد کرنے پر شہباز گِل کو قانونی نوٹس بھجوادیا ہے، ہم ان کا ہر جھوٹ ان کے منہ پر ماریں گے اور ان کو عدالتوں میں لایا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹ کی بنیاد پر بیانیہ بنانے والے بھی 62، 63 کی زد میں آتے ہیں،عمران خان ملک میں جھوٹ کی بنیاد پر ایک بیانیہ بنارہا ہے، 21 سال میں قوم کو جھوٹ بولنا، بدتمیزی سکھائی گئی، دشمنوں والا کام پی ٹی آئی اور اس کے حواریوں نے کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے توشہ خانہ، فارن فنڈنگ کے ثبوت سامنے رکھے ہیں۔شہباز گل میں ذرا سی بھی شرم ہے تو ہمارے قانونی نوٹس کا جواب قوم کے سامنے رکھیں۔
رانا مشہود کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک میں جھوٹ کی بنیاد پر ایک بیانیہ بنارہا ہے، 21 سال میں قوم کو جھوٹ بولنا، بدتمیزی سکھائی گئی، دشمنوں والا کام پی ٹی آئی اور اس کے حواریوں نے کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یکم اگست کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے الزام لگایا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے کنسلٹنسی فیس کے طور پر بھارتی فرم سے 14 کروڑ روپے رشوت لی اور یہ رقم ان کے بینک اکاؤنٹ میں تین ٹرانزیکشنز میں منتقل کی گئی، ایک ٹرانزیکشن دسمبر 2016 میں اور دو جنوری 2017 میں کی گئیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں اکاؤنٹس کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھی جائیں۔
جس پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے شہبازگل کو چیلنج کیا کہ اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو معاملے کو عدالت میں لے جائیں۔ وہ ان کے خلاف ایک اور مقدمہ دائر کرنے اور 'نام نہاد ثبوت' پیش کرنے کے لیے عدالت میں درخواست کریں۔