کسی بھی تنظیم، سیاسی جماعت یا ملک کو صرف ایک شخص آگے لے کر نہیں جا سکتا: چیف آرگنائزر ق لیگ
مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر وچیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں آنے کا صرف ایک ہی مقصد تھا کہ ایک ایسی سیاسی جماعت قائم کروں جس کی بنیاد صرف میرٹ ہو، سفارش کی بنیاد پر عہدے تقسیم نہ کیے جاتے ہوں۔ اپنی سیاسی جماعت کے اندر بڑے عہدوں پر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں کی شرکت کو یقینی بنائوں گا۔ کسی بھی تنظیم، سیاسی جماعت یا ملک کو صرف ایک شخص آگے لے کر نہیں جا سکتا۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی جماعت ملک بھر کے نوجوانوں، خواتین، مزدوروں، کسانوں، ٹریڈ یونین اور اقلیتوں پر مشتمل ہو گی جو ان سب کو معاشرے میں ان کے حقوق دلانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ مسلم لیگ ق یوتھ ونگ کے صدر کے طور پر کامران سعید عثمانی کو میرٹ پر لگایا گیا ہے، مجھےیقین ہے کہ وہ ق لیگ یوتھ ونگ کو آگے بڑھانے میں انتہائی اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے چند حلقوں کا خیال ہے کہ الیکٹ ایبلز کی کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت اسے تقویت دیتی ہے، انہیں لگتا ہے کہ پہلے سے آزمائے ہوئے سیاستدان ہی ملک کو آگے لے کر جا سکتے ہیں یا ڈبوئیں گے۔ ہماری کوشش ہو گی کہ مڈل کلاس اور پارٹی ورکرز کو آگے لے کر آئیں، برطانیہ میں عیسائی برادری کے باعث ہی میں ممبر آف پارلیمنٹ بنا تھا۔
دریں اثنا نجی ٹی وی چینل وسیب سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہم پاکستان کے عوام کیلئے انصاف کا نظام قائم کریں اور اپنے تاجروں، برآمدکنندگان اور اوورسیز پاکستانیوں کی قدر کریں تو ہمیں آئی ایم ایف یا ورلڈ بینک کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، وہ یکجا ہو جائیں تو ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1671845914808393729
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/7chahsawrddwnanan.jpg