
ملک کے چاروں صوبوں سے ہزاروں کارکنوں کو اسلام آباد پہنچانے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں: ترجمان جے یو آئی ف
گزشتہ روز سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی دو ہفتے کیلئے ضمانت منظور کرتے ہوئے گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دیا گیا تھا جس کے بعد سربراہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان نے سپریم کورٹ آ ف پاکستان کے رویئے کے خلاف دھرنے دینے کا اعلان کیا تھا۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے قربانی دینے والوں کی یادگاریں اکھاڑی جا رہی ہیں اس عدالت کی طرف سے اس دہشت گردی کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر دھرنے کیلئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی طرف سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ترجمان جے یو آئی ف کی طرف سے چیف جسٹس آف پاکستان کے استعفے تک دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جے یو آئی ف کی طرف سے ملک بھر سے اپنے کارکنوں کو اسلام آباد لانے کیلئے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ دھرنے میں 1 لاکھ کارکن پہنچنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
کراچی وکوئٹہ میں موجود کارکنوں کے قافلے کل سے اسلام آباد پہنچنے کیلئے روانہ ہوں گے جبکہ پشاور وخیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع وپنجاب سے جے یو آئی کارکن پیر کے دن اسلام آباد پہنچیں گے۔ مولانا عطاء الرحمن پشاور ، اکرم خان درانی جنوبی اضلاع خیبرپختونخوا، راشد محمود سومرو سندھ ، مولانا عبدالغفور حیدری بلوچستان اور مولانا عبدالواسع وڈاکٹر عتیق الرحمن پنجاب کے قافلے کی قیادت کریں گے۔
ترجمان سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ملک کے چاروں صوبوں سے ہزاروں کارکنوں کو اسلام آباد پہنچانے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ جے یو آئی ف دھرنا چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطاء بندیال کے استعفے تک جاری رکھے گی۔ دھرنے میں 1 لاکھ سے زائد کارکن شریک ہوں گے جس کے انتظامات مکمل کر چکے ہیں۔
دریں اثنا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج میں پاکستان مسلم لیگ ن نے بھی شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی ڈی ایم دھرنے میں لیگی کارکنوں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے مختلف رہنمائوں کو ٹاسک سونپ دیئے گئے ہیں اور ملک سیف الملوک کھوکھر کو ریلی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ لیگی کارکن لاہور سے ریلی کی شکل میں روانہ ہوں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/20juifsitouutscpmln.jpg