
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ آخری امید ہے،اس کے بعد مرکز اور صوبے میں عدم اعتماد لانا ہوگا، انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ضمیر کے سوداگر آصف زرداری نے سیاسی اور معاشی بحران خطرناک بنا دیا،لوگوں کو ایسی سیاست سے نفرت ہے جہاں ممبروں کی خرید وفروخت کی منڈی لگتی ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آخری امید ہے،اس کے بعد مرکز اور صوبے میں عدم اعتماد لانا ہوگا۔ڈالر 250کا ہو گیا تو 10 کروڑ پاکستانی غربت کی لپیٹ میں آجائیں گے،لاہور میں سارا کام پلاننگ کے تحت ہوا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1550714441582485506
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت کی حمایت میں جیت بھی انکی ہار ہے، خاندانوں میں لڑائی نواز شریف خاندان کے لیے بھی پیغام ہے،اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار صرف اپنے کیسوں سے بچنے کے لیے ہے۔قوم دیکھ لے کہ نواز شریف اور آصف زرداری ایک ہیں اور فضل الرحمان خانہ جنگی کے بیان دے رہا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1550703961480519683
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کہتے ہیں کہ آج پنجاب اسمبلی میں جو کچھ بھی ہوا اس پر وہ حیران ہیں، اخلاقیات جمہوریت کی بنیاد ہے،آصف علی زرداری کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں بھی پی ٹی آئی ارکان کو منحرف کرنے میں ان کا کردار تھا۔
پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود نے دوست محمد مزاری کے فیصلے کو آئین کے برخلاف اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصلے آئین کے مطابق ہونے چاہییں،آئین کی شق 63 اے بی کے تحت پارلیمانی پارٹی یہ فیصلہ کرے گی کہ ووٹ کس کو دینا ہے، پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا کہ چوہدری پرویز الٰہی کو ووٹ دینا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ چوہدری شجاعت کے فیصلے نے پاکستان کو ’فتنے اور فساد‘ سے محفوظ کیا ہے، آج اس ملک نے جمہوریت اور رواداری کو فروغ دیا ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتیں چوہدری شجاعت کے فیصلے کو سراہتی ہیں۔