
سندھ ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پر مشہور اداکارہ کبریٰ خان کے خلاف شیئر کردہ مواد ہٹوانے کا حکم دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں مشہور اداکارہ کبریٰ خان اور مہوش حیات کی جانب سے یوٹیوبر عادل راجہ کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم چلانے اور نفرت آمیز مواد شیئر کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کیس کے حوالے سےرپورٹ عدالت میں جمع کروائی۔
دوران سماعت ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ جن سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، ویب سائٹس کے حوالے سے کبریٰ خان نے نشاندہی کی تھی ان تمام پلیٹ فارمز سے مواد ہٹادیا گیا ہے، عدالت نے ایف آئی اے کے جواب پر درخواست گزار کے وکیل سے جواب الجواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ مشہور اداکارہ کبریٰ خان اور مہوش حیات نے سندھ ہائیکورٹ میں یوٹیوبر اور سیاسی مبصر عادل فاروق راجا کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ عادل راجا نے میڈیا انڈسٹری کی چار اداکاراؤں کیخلاف جھوٹے الزامات لگائے اور ان کی تذلیل کی جس سے اداکاراؤں کی عزت وقارمجروح ہوا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9kubrkhhfghfdsdfzsdz.png