
فیفا ورلڈ کپ 2022 میں سعودی عرب کی جانب سے ارجنٹائن کو شکست دینے پر شکر ادا کرتےہوئے سعودی عرب ولی عہد محمد بن سلمان سجدے میں گر گئے،جبکہ میچ کے دوران امیر قطر سعودی عرب کا پرچم تھامے نظر آئے۔
تفصیلات کے مطابق آج فیفا 2022 میں سعودی عرب نے ارجنٹائن جیسی مضبوط ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے اپ سیٹ شکست دیدی۔
خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ مملکت میں میچ دیکھنے والے سعودی ولی عہد نے اپنی ٹیم کی فتح کے بعد زمین پر سجدہ شکر ادا کیا اور فتح کا جشن منایا،جس کی تصاویر خبررساں ادارے نے جاری کردی ہیں۔ شاندار فتح پر کل سعودی عرب میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1595087261418373120
میچ کے دوران امیر قطر شیخ تمیم بن حمد ثانی اور سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل اسٹیڈیم میں موجود تھے، اس موقع پر امیر قطر نے برادر اسلامی ملک سعودی عرب کا قومی پرچم اپنے ہاتھ میں تھام رکھا تھا ۔
https://twitter.com/x/status/1595016743289856008
میچ کے دوران امیر قطر سعودی عرب کی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کرتے ہوئے بھی دکھائی دیئے اور میچ میں فتح کے بعد انہوں نے خوشی کا اظہار بھی کیا۔
امیر قطر کی سعودی عرب کو سپورٹ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ آج فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دوران 2 بار کی ورلڈ چیمپئن ٹیم ارجنٹائن کو عالمی رینکنگ میں 51 ویں نمبر پر موجود سعودی عرب کی ٹیم کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
قطر کے شہر لوسیل میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹائن کی جانب سے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے 10ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کیا،48ویں منٹ میں سعودی عرب کے کھلاڑی صالح شہیری نے گول برابر کیا، جس کے5منٹ بعد 53ویں منٹ میں دوسرے سعودی کھلاڑی سلیم الدوسری نے گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلوادی ، جو میچ ختم ہوتے تک برقرار رہی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11ksanwonhappiness.jpg