
سابق وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا مسجدنبویﷺمیں حکومتی وفد کیخلاف نعرے بازی پر متعدد افراد کی گرفتاریوں پر ردعمل سامنے آگیا، کہتے ہیں عجیب حکومت ہے سعودی عرب سے درخواست کر رہے ہیں پاکستانی لیبرکو وہاں گرفتار کرلیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ منحوسوں اگر کوئی اچھا کام نہیں کرسکتے تو لوگوں کےرزق کے پیچھے پڑ گئےہو، یہی لوگ تھےجنہوں نے کہا تھا کہ ڈرون میں اگر بے گناہ لوگ مرتے ہیں تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں فکر نہ کریں۔
https://twitter.com/x/status/1520034112349913089
دوسری جانب سابق معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ یہ لوگ کبھی ٹھیکداری ذہن سے آگے نہیں نکل سکتے، یہ ملک کی عوام کو اپنی ذاتی لیبر سمجھتے ہیں، ان کی حرکات دیکھیں کہ غریب پاکستانی جو سعودی عرب میں محنت مزدوری کر رہا ہے اس کی مزدوری کے پیچھے پڑ گئے ہیں انہیں پتہ ہی نہیں کہ عوامی نمائندے لوگوں کا فائدہ کرتے ہیں نقصان نہیں۔
https://twitter.com/x/status/1520042133448708097
واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی سفارتخانے سے مسجدنبویﷺمیں حکومتی وفد کیخلاف نعرے بازی پر متعدد افراد کو گرفتار کئے جانے کی تصدیق سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف وفدکے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں، حکومتی وفد کی مسجد نبوی آمد پر وہاں پر موجود لوگوں نے انہیں گھیر لیا ،نعرے بازی کی اور مسجد کے تقدس کو پامال کیا۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب کو برے القاب سے پکارا گیا اور شاہ زین بگٹی کے بال بھی کھینچے گئے تھے، تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے وزرا کو مجمعے سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے نے پاکستانیوں کی گرفتاری کی تصدیق کردی، سعودی عرب کی جانب سے پہلے سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجدنبویﷺ کی بے حرمتی پر کچھ پاکستانیوں کو گرفتار کر لیاگیا ہیں، مقدس مقام کی بے حرمتی پر یہ گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس کی کارروائیاں ابھی جاری ہیں۔