
مسجدنبوی ﷺ میں سیاسی شور شرابا کرنے پر سعودی عرب میں پاکستانی شہری کو قید و جرمانے کی سزا سنا دی، سلیم صافی
سعودی عرب کی عدالت نے مسجد نبویﷺ میں شورشرابا اور سیاسی نعرے بازی کرنے پرگرفتار پاکستانی شہری کو قید و جرمانے کی سزا سنادی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی شہری محمد طاہر کو مدینہ منورہ کی عدالت نے3 سال قید اور10 ہزار ریال جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
سزا سے متعلق حکم نامہ ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں حاضری کے موقع پرشوروغوغا کی ویڈیو بنا کر وائرل کرنے والے پاکستانی شہری اور پی ٹی آئی کے سپورٹرمحمد طاہر کو سعودی عرب کی مدینہ منورہ کی تین ججز پر مشتمل عدالت نے سزا سنادی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1534527748173070336
واضح رہے کہ رواں برس ماہ رمضان کے مہینے میں مسجد نبویﷺ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس سے پوری دنیا میں مسلمانوں کے سر شرم سے جھک گئے تھے۔
10 اپریل کو عمران خان کی حکومت کو عدم اعتماد کے نتیجے میں فارغ کرکے اقتدا ر میں آنے والی اتحادی جماعتوں کی حکومت کے اراکین رمضان المبارک کے مہینے میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں دورہ سعودی عرب پہنچے، 27 رمضان المبارک کو وزیراعظم شہباز شریف اپنے کابینہ ارکان کے ہمراہ مسجد نبویﷺ پر حاضری کیلئے پہنچے جب وہاں کچھ لوگوں نے چور چور اور غدار غدار کے نعرے لگانا شروع کردیئے۔
اس شرمناک منظر کو کچھ لوگوں نے کیمروں کی آنکھ میں نہ صرف محفوظ کیا بلکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل بھی کردیا جس نے دنیا بھر میں پاکستانی مسلمانوں کو شرمندگی اٹھانا پڑی، مسجد نبویﷺ میں اس واقعہ پر مقامی انتظامیہ فوری طور پر حرکت میں آئی اور انہوں نے نعرے بازی کرنے والے پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرلیا جس میں سے ایک شہری کو آج سزا سنائی گئی ہے۔