
دہشت گرد اقبال کی ہلاکت رواں سال میں خیبرپختونخوا پولیس کی سب سے بڑی کامیابی بتائی جا رہی ہے: ذرائع
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے پیشگی انٹیلی جنس اطلاع کی بنا پر القاعدہ سے تعلق رکھنے والا انتہائی مطلوب سرکردہ دہشت گرد ہلاک کر دیا گیا۔ خیبرپختونخوا پولیس کی اطلاع ملنے پر بروقت موثر کارروائی کے نتیجے میں القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان کھارہ گروپ کے انتہائی مطلوب دہشت گرد جس کی شناخت اقبال عرف بالی کھیارہ کے نام سے کی گئی ہے کو اس کے ایک ساتھی سمیت فتح موڑ کے قریب ہلاک ہوا۔
مطلوب دہشت گرد اقبال کی زندہ یا مردہ گرفتاری کیلئے قیمت 1 کروڑ 5 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا تھا۔ ، وہ خیبرپختونخوا وپنجاب پولیس کو دہشت گردی کی 26 وارداتوں میں مطلوب تھا۔ مطلوب دہشت گرد اقبال اغوا، ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں، ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹراما سینٹر میں خودکش دھماکے اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر لاہور کے لبرٹی چوک میں ہونے والے حملے میں بھی ملوث رہا تھا۔
پولیس کے مطابق مطلوب دہشت گرد اقبال عر ف بالی کھیارہ پولیس پر حملے کے بعد جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ساتھی سمیت ہلاک ہوا۔ سی ٹی ڈی پولیس ڈیرہ اسماعیل خان کو انتہائی مطلوب دہشت گرد اقبال عرف بالی کھیارہ ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی کے علاوہ پولیس اہلکاروں اور اہل تشیع مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کوتاوان کی غرض سے اغواء کرنے کے 21 اور ملتان پولیس کو 5مقدمات میں مطلوب تھا۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا پولیس اختر حیات گنڈاپور نے بتایا کہ اقبال 30 سے زیادہ مقدمات کے علاوہ ڈی آئی خان کے علاقے میں 13 وارداتوں میں صوبائی پولیس کو مطلوب تھا۔ علاقے میں موجودگی کی اطلاع ملی جس پر پولیس نے بڑی کارروائی کی۔ اقبال فرقہ وارانہ کلنگ میں بھی ملوث تھا، اس کی ہلاکت رواں سال میں خیبرپختونخوا پولیس کی سب سے بڑی کامیابی بتائی جا رہی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/srilanka-team-atc-kpk.jpg