
مشہور بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث ملزمان جیل سے فرار ہوگئے ہیں جس کے بعد جیل سیکیورٹی فورسز کی دوڑیں لگ گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے آنجہانی پنجابی گلوکار کے قتل کے اہم ملزم دیپک کو مانسا پولیس پروڈکشن آرڈر پر لے کر جارہی تھی کہ وہ پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونک کر فرار ہوگیا، پولیس کی موجودگی میں جیل کی سخت سیکیورٹی کو ناکام بنا کر فرار ہونے میں کامیابی کےباعث پولیس کی شدید بدنامی ہورہی ہے۔
پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے علاقے بھر میں چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں اور سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے، تاہم ملزم کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
واضح رہے کہ ملزم دیپک سدھو موسے والا قتل کے مرکزی ملزم لارنس بشنوئی کا قریبی ساتھی ہے، پولیس نے گزشتہ ماہ نیپال اور مغربی بنگال کے سرحدی علاقے میں خفیہ آپریشن کے دوران دیپک کو گرفتار کیا تھا۔