
وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے بنی گالا کے گھر کیلئے منی ٹریل درکار تھی، جنرل باجوہ نے عمران خان کو نا اہلی سے بچایا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نااہلی سے بچانے میں جہانگیر ترین نشانہ بنے، حنیف عباسی سے جو زیادتی ہوئی اس کا مداوا تاریخ کرے گی۔
ملک احمد خان نے کہا کہ انہوں نے جنرل باجوہ کو کہا تھا ووٹنگ مشین سے معاملہ تہس نہس ہو جائے گا، جنرل باجوہ کو احساس تھا عمران خان نے ملک کیلئے برا کیا، جبکہ شوکت ترین نے معیشت کیلئے تباہ کن اقدامات کیے۔
ملک احمد خان کا پروگرام میں مزید کہنا تھا کہ 56 کمپنیوں کا شور رہا ہے وہ 56 کمپنیاں چل جاتیں تو آج پنجاب کے حالات مختلف ہوتے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ضائع پانی مینیج کیوں نہیں ہوتا؟ ثاقب نثار بتائیں عثمان بزدار نے لاہور کیلئے کیا کر لیا؟