
سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی جانب سے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب برقرار رکھنے کی کڑی محنت تو ضائع گئی، آصف زرداری اپنا کام کرنے کے بعد دبئی گئے اور دبئی کے مختصر دورے کے بعد کراچی پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کل سے لاہور میں ڈیرہ جمائیں گے اور ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ایک بار پھر ملاقات کریں گے،آصف زرداری اتحادی جماعتوں کے سربراہان سے تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اجلاس کی صدارت کریں گے،جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا،پیپلزپارٹی کا اہم اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا اور اعلیٰ قیادت کی جانب سے آئندہ کی صورت حال پر مشاورت کی جائے گی۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے پرویز الہیٰ کے حق میں فیصلہ دے دیا،چوہدری پرویزالہی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی، صدرمملکت عارف علوی نے حلف لیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا آج جشن منانے کا اعلان کردیا، ٹویٹ میں لکھا آج شام کو اللہ کا شکرادا کریں گے اور عوام کے ساتھ اس کامیابی کا جشن منائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ دھمکیوں کے باوجود ثابت قدم رہنے پر سپریم کورٹ کے ججز کو خراج تحسین۔ علی ظفر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔۔ کہا ضمنی انتخاب میں بڑی تعداد میں باہر نکلنے پر پنجاب کے عوام کا مشکور ہوں۔