ریلیف پیکیج:کریانہ اسٹورپر تصدیق؟حکومت کےطریقہ پر پیپلزپارٹی رہنما کی تنقید

khaa.jpg


کریانہ اسٹورز سے ریلیف پیکج سے مستفید ہونے کے بیان پر قادر مندوخیل کی حسان خاور پر تنقید

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹو دا پوائنٹ میں میزبان منصور علی خان نے وزیراعظم کے ریلیف پیکج سے متعلق اپنے مہمان پینل سے کئی سوالات پوچھے، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل اور مسلم لیگ ن کی ٖعظمیٰ بخاری پینل کا حصہ تھیں۔

میزبان نے پوچھا کہ وزیر اعظم کا ریلیف پیکیج کیسے عوام تک پہنچے گا ، کریانہ اسٹور والے موبائل ایپ کے ساتھ ویریفیکیشن کرے گا ؟جس پر ترجمان پنجاب حکومت نے بتایا کہ پاکستان کی تریپن فیصد آبادی کیلئے یوٹیلٹی اسٹور کے ذریعے ریلیف پروگرام سے مستفید ہونا مشکل ہے،اس کے لئے ہم کریانہ اسٹور نیٹ ورک کا استعمال کرینگے۔


حسان خاور نے بتایا کہ ایک رجسٹریشن اسٹیشن کھلنے لگا ہے،اس کے ذریعے پورے پاکستان میں کریانہ اسٹورز رجسٹریشن کرینگے،جس میں احساس نیشنل بینک پاکستان ساتھ ہے،جس کے ذریعے مستحق کو سبسڈی دی جائے گی،کوالٹی کا معیار بہتر ہوگا، کیونکہ پرائیوٹ سیکٹرسپلائی کرے گا وہ ہی معیار چیک کرے گا اور کارڈ کے ذریعے عوام کو ڈسکاؤنٹ فراہم کیا جائے گا۔

میزبان نے سوال کریانہ اسٹورز کے ڈیٹا سے متعلق بھی پوچھا،ترجمان حسان خاور نے بتایا کہ جو لوگ مستحق ہیں اور ان کریانہ اسٹورز سے خریداری چاہتے ہیں تو وہ خود کو رجسٹریشن کرائیں گے،تاکہ پاکستان کے ہرکونے سے ہرگلی سے عوام کریانہ اسٹورز جاکر خریداری کرسکیں۔

میزبان منصور علی خان نے حسان خاور سے پوچھا کہ کس طرح ٹارگٹ کیا جائے گا کہ امیر اس ریلیف پروگرام سے فائدہ نہیں اٹھارہا، انہوں نے بتایا کہ جس شخص کو سامان چاہئے ہوگا، کریانہ اسٹور والا اس کا آئی ڈی کارڈ نمبر ڈالے گا، جس سے تفصیلات سامنے آجائیں گی کہ مستحق ہے کہ نہیں۔

حسان خاور کی باتوں پر پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل ہنس پڑے، جس پر میزبان نے سوال کیا تو انہوں نے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کے بیان پر کڑی تنقید کردی،قادر خان مندوخیل مزید ہنسیں اور کہا کہ کیا مذاق ہے اور کیسے لوگ ہیں یہ، ایسا کچھ نہیں ہوگا، کریانہ اسٹورز سارے پی ٹی آئی کے اپنے ہونگے،اس سے اتنا بڑا کرپشن پاکستان میں ہوگا کہ آپ دیکھ لینا۔

قادر مندوخیل کے وزیراعظم کے ریلیف پیکج پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کو خوشخبری سنانے آئے تھے،نہیں وہ قوم کو پیٹرول کی بربادی سنانے آئے تھے،بھارت کا موازنہ کررہے ہیں تو یہ بھی دیکھیں ہمارے پیسے کا بیڑا غرق کردیا گیا ہے،بات یہ ہے کہ یہ عقلمندوں کا ٹولہ ہے، انہوں نے سب بیڑا غرق کردیا، اب یہ شیخ چلی مزید بربادی کرینگے،کریانہ اسٹور کے پاس کمپیوٹر ہوگا کیا،جس حسان خاور نے کہا ڈیجیٹل دور ہے، فون سب کے پاس ہوتا ہے،کمپیوٹر کی بات ہی نہیں کی۔

لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے بھی وزیراعظم عمران خان کے ریلیف پیکج اور ان کی تقریر کو شدید تنقید کردی، کہا عمران خان اعداد وشمار کے حوالے سے غلط بیانی کرتے ہیں،انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اعداد وشمار کو اپنا ڈیٹا بتادیا، یہ ان کا کام ہے، عمران خان ہاتم طائی کی قبر پر لات ماررہےہیں۔