
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سوشل میڈیا پر ریاست کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے الزام میں چار افراد کو طلب کرلیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان، صنم جاوید، فلک جاوید اور آفتاب اقبال کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ چاروں افراد 5 جون کو لاہور میں واقع این سی سی آئی اے کے دفتر میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ نوٹس کے مطابق چاروں افراد کے خلاف 27 مئی کو انکوائری کا آغاز کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزمان نے پاک بھارت جنگ کے دوران ریاست کے خلاف پروپیگنڈا کیا، جس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ این سی سی آئی اے کی یہ کارروائی سوشل میڈیا پر جعلی اور منفی اطلاعات پھیلانے کے خلاف ریاستی سطح پر سخت اقدامات کی ایک کڑی ہے۔