
وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کی جنگ میں کل بھی نیوٹرل تھے آج بھی نیوٹرل ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ نے یہ بیان پارلیمان میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے دیا اور ایک بار پھر واضح کیا کہ عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا روس یوکرین جنگ سے کوئی تعلق نہیں ہے، عدم اعتماد کو اس جنگ سے منسلک کرنا ایک غلط فہمی ہے، اس جنگ میں پاکستان کی پوزیشن نیوٹرل ہے۔
وفاقی وزیر خارجہ نے ملک میں فوڈ سیکیورٹی کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گندم اور دیگر اجناس کی کمی کو پورا کرنےکیلئے ہم یوکرین سے گندم اور دیگر اجناس خریدتے تھے، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کی وجہ سے ہمارے ملک میں فوڈ سیکیورٹی کا مسئلہ کھڑا ہونے کا خدشہ ہے۔
https://twitter.com/x/status/1536362704704765957
انہوں نے کہا کہ اس جنگ کی وجہ سے پاکستان سمیت پورے خطے کے عوام کا نقصان ہورہا ہے، چاہتے ہیں کہ یہ جنگ جلد ختم ہو، زرعی زمین پر ریئل اسٹیٹ کے کام کے خلاف ہوں، فوڈ سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہونے میں موسمیاتی تبدیلی بھی اہم کردار ادا کررہی ہے، ہم ایک زرعی ملک ہیں اور ہم اس شعبے کو ترقی دے کر فوڈ سیکیورٹی کے مسائل پر قابو پاسکتے ہیں۔
پاک ایران تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بہترین تاریخی تعلقا ت ہیں، ہم دونوں ملکوں کے معاشی تعلقات میں بہت پوٹینشل ہے،ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کی بنیاد پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں صدر آصف علی زرداری نے رکھی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ اس منصوبے پر کوئی پیش رفت ہو، ہم سارے ممالک کے ساتھ انگیج کررہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/bilawal-russia-nad-uk-nt.jpg