
انگریزی اخبار ڈان کے مطابق راولپنڈی کے علاقے رحمان آباد والے میٹرو بس کے انڈر پاس میں خاتون مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا شکار ہو گئی۔
پولیس کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ خاتون کی جانب سے درخواست دیئے جانے کے فوراً بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو کہ نجی یونیورسٹی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا طالب علم ہے۔
متاثرہ خاتون نے تھانہ نیوٹاؤن میں درخواست دی جس میں بتایا کہ اس نے ملزم کے فیس بک اکاؤنٹ پر بوائز ہاسٹل میں نوکری کا اشتہار دیکھا تھا جس سے متعلق اپنے بھائی کو آگاہ کیا، اس کے بھائی نے ملزم سے رابطہ کیا جس کے بعد ہی وہ اپنی خالہ کے ہمراہ اس کے پاس گئی تھی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم متاثرہ خاتون کو پہلے ایک بوائز ہاسٹل میں لے گیا جہاں اسے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں میٹرو انڈر پاس میں لیجا کر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ کیا گیا ہے، ملزم اور مدعیہ کے ڈین این اے سیمپل لے لیے گئے ہیں جن کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پیر کے روز ایک خاتون کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے کھنہ میں نوکری کا لالچ دیکر اسلحے کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/h8mgHVW/rawalpindi.jpg