
وزیر داخلہ رانا ثنا نے عمرہ ادائیگی پر روانگی سے قبل عابد شیر علی کے والد سے معافی مانگ لی،جس کے بعد مسلم لیگ ن کی دو بڑی سیاسی شخصیات کے درمیان گلے شکوے دور ہوگئے ہیں۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اور عابد شیر علی کی طویل عرصے بعد ملاقات ہوئی،دونوں نے ایک دوسرے کے درمیان شکوے اور غلط فہمیوں پر بات چیت کی اورسیاسی اختلافات ختم کرلئے،لیگی رہنما فیصل آباد میں جلد جمع ہوں گے۔
وزیر داخلہ کے ساتھ عابد شیر علی کے والد شیر علی کی شدید اختلافات تھے،ملاقات کے بعد سوال پر عابد شیر علی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کہ ہم بہت جلد اکٹھے نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ ماضی میں عابد شیر علی کے والد نے رانا اور شہباز شریف پر شدید تنقید کی تھی، چوہدری شیر علی نے رانا ثنا کو قاتل کہہ دیا تھا۔
ایک جلسے میں چوہدری شیر علی نے رانا ثنا اللہ پر سنگین الزامات عائد کئے تھے، چوہدری شیر علی کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ، ملزمان کے ساتھ مل کر عابد شیر علی اور دو ایم پی ایز کو قتل کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے سوال کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیا شہباز شریف واردات کے بعد ایکشن لیں گے؟چوہدری شیر علی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے پاس سابق سی پی او فیصل آباد سہیل تاجک کا میسیج موجود ہے،جس میں وہ راناثنا اللہ پر قتل کے الزامات کی تصدیق کر رہے تھے۔