
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کےوارنٹ گرفتاری جاری کروانےاور اس پرعمل درآمد کیلئے اسلام آباد ٹیم بھجوانے والی اینٹی کرپشن پنجاب کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے اسلام آباد پولیس کو وارنٹ کے ساتھ ریکارڈ فراہم نہیں کیا جو کہ ایک قانونی تقاضہ ہے، یہ عوامی فتنے کو ریلیف دینے کیلئے وفاقی حکومت کے خلاف مذموم ساش ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے عمرانی فتنے کا آلہ کار بنتے ہوئے ایک چار سال پرانے مقدمے کے ریکارڈ میں جعل سازی کرتے ہوئے عدالت سے حقائق چھپا کر دھوکہ دیا اورگمراہی سے وارنٹ حاصل کیے، ریکارڈ میں جعل سازی اور عدالت کو گمراہ کرنے والے ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے عدالت کی جانب سے جاری کردہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کےوارنٹس پر عملدرآمد کیلئے ایک خصوصی ٹیم اسلام آباد روانہ کی تھی مگر گرفتاری عمل میں نا لائی جاسکی ۔