
رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈا پور نے حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کےسربراہ مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دین فروش مولوی نے ہمیشہ اپنےمفادات کیلئے اسلام کا استعمال کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رہنما پاکستان تحریک انصاف علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے مال بنانے کیلئے اپنے بیٹے کو مواصلات کی وزارت لے کر دی، انہیں ملکی مفاد سے کوئی غرض نہیں بس اپنے اقتدار کی بھوک ہے، فسادی مولوی نے ملک کو غلام بنوانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
فضل الرحمان کی جانب سے عمران خان کی حکومت میں سی پیک کو رول بیک کرنے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے دور میں سی پیک پر تیزی سے کام ہوا ہے، ڈیزل اپنی گھٹیاسیاست کی وجہ سے عوام میں جانے سے قاصر ہے، اس جعلی مولوی نے ماضی میں اپنے اقتدار کی خاطر امریکہ کے بوٹ تک پالش کیے،یہ پی ڈی ایم کے ڈمی سربراہ ہیں جنہیں کسی کام میں پوچھا تک نہیں جاتا۔
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی واپسی کی خبروں سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اسحاق ڈار کے تجربے سے ملک کو نقصان ہوا اور ملک کو لوٹ کر لمبے عرصےکیلئے بھگوڑا ہوگیا، وہ اب کیسے ملک کی معیشت کو ٹھیک کرسکتا ہے، اسحاق ڈار نے تو ماضی میں ملکی معیشت کو تباہ کیا ہے، چوروں کا یہ ٹولہ ملک کو تباہ کرنے آیا ہے، تاہم ان کا انجام بہت قریب ہے، ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔