
خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری نےالیکشن کمیشن کو بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ پولیس انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔
تفصیلات چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں خیبر پختونخوا میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن حکام کے علاوہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا امداد اللہ بوسال اور آئی جی معظم جاہ انصاری بھی شریک ہوئے، اجلاس میں آئی جی معظم جاہ انصاری نے الیکشن کمیشن حکام کو سیکیورٹی صورتحال اورانتخابات کے حوالے سے پولیس کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی۔
آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے انتخابات کیلئے فورسز کی تعیناتی کا پلان پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کے پی کے پولیس انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، دہشت گردی کے اکا دکا واقعات پہلےبھی ہوتے رہتے ہیں، انتخابات کے دوران دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا، نا ہی یہ کہا جاسکتا ہےکہ آئندہ انتخابات مکمل طور پر پرامن ہوں گے۔
آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ انتخابات کی تاریخ دینا صوبے کا گورنر کا اختیار ہے ، ہم ہر قسم کی معاونت کیلئے تیار ہیں، انتخابات کے انعقاد کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کو 57ہزار اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران غیر جانبدار افسران کی تعیناتی بہت ضروری ہے، صوبائی حکومت ، چیف سیکرٹری اور آئی جی صوبے میں تمام انتظامی پوسٹوں پر تعینات افسران کے تبادلے انہیں بنیادوں پر کرنے کو یقینی بنائیں۔
اجلاس کےدوران الیکشن کمیشن کے لاء ونگ نے انتخابات کے انعقاد سے متعلق قانونی نکات پر بریفنگ دی اور اجلاس میں ان نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔