
خیبرپختونخوا اسمبلی کو تحلیل سے بچانے کیلیے اپوزیشن متحرک ہوگئی،اس سلسلے میں اراکین اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا،ترجمان ن لیگ کے پی اختیار ولی کے مطابق اسمبلی کے اپوزیشن اراکین کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بادام نہیں توڑ سکتے وہ اسمبلی کیا توڑیں گے، کے پی اسمبلی 4 کروڑ عوام کی امانت ہے اور ہم اس امانت کا دفاع کریں گے۔
اختیار ولی نے کہا کہ ہم اسمبلی کو بچانے کے لیے ہر اقدام کریں گے،وزیراعلیٰ کے پی کیخلاف عدم اعتماد جمع کرائیں گے اور عدالت سے بھی رجوع کرسکتے ہیں،اگر پی ٹی آئی اسمبلی سے مستعفی ہوئی تو نیا قائد ایوان منتخب کرلیں گے۔
دوسری جانب عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی انجینئر فہیم نے فارورڈ بلاک بنانے کا عندیہ دیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے گزشتہ روز جلسے خطاب میں تمام اسمبلیوں سے استعفے دینے اور پنجاب، کے پی، جی بی اسمبلیوں کے تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا،عمران خان نے کہا تھا آج ہم اسلام آباد بھی جا سکتے تھے لیکن ملک میں تباہی مچانے سے بہتر ہے کہ ہم اس نظام کا حصہ نہ رہیں،پارلیمنٹری پارٹی سے مشاورت کے بعد تاریخ کا جلد اعلان کریں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/kpk-assmba.jpg