
سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے خواجہ آصف کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا اپنی گفتگو سے کنفیوژن پھیلانا ان کی عادت ہے۔ وہ عادتاً جھوٹے ہیں۔
فواد چودھری کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اجنبی گروہ افواہ سازی کے ذریعے اپنی عزت جو خاک آلود ہو چکی ہے، اسے بحال نہیں کرسکتا۔ شریفوں کے درباریوں کی پہچان امریکا سمیت بیرونی قوتوں کی خوشنودی کو مقصدِ حیات بنانا ہے۔ منتخب جمہوری حکومت کیخلاف سازش کرنیوالے اب بھی امریکا کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے بیانیے بنا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے خواجہ آصف کے بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی مراسلے میں ڈونلڈ لو کا کردار درج ہے جسے یہ ٹولا جھٹلاتا ہے۔ ان کی بات کو ہم سنجیدہ نہیں لیتے کیونکہ ایسا کرنا خود سنجیدگی کی توہین کرنے کے مترادف ہے۔
https://twitter.com/x/status/1543653839114477569
یاد رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی اہلکار ڈونلڈ لو سے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے معافی مانگ لی ہے۔ ہمارے پاس اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اب ڈونلڈ لُو کی منتیں کر رہے ہیں۔ ان کی ہوا نکل چکی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1543668649235742720
وزیر دفاع نے کہا تھا کہ ہمارے پاس امریکا سے معافی کے ثبوت اور شواہد آ چکے ہیں۔ ایک پی ٹی آئی رہنما نے اس سلسلے میں خصوصی ملاقات کی ہے۔ امریکا کیخلاف پاکستان میں نعرے لگوانے والا، اب اس کے ہی پیر پکڑ رہا ہے۔ عمران خان امریکا کی منتیں کر رہے ہیں کہ وہ امریکا کیساتھ دوبارہ تعلقات کی بحالی چاہتے ہیں۔