خاتون کو نازیبا میسجز کا الزام، آسٹریلوی بلے باز ٹم پین کپتانی سے دستبردار

tim-p-aus.jpg


آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹیم پین نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تحقیقات شروع ہونے پر ٹیسٹ کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 2017 میں اپنی ایک ساتھی کو نازیبا پیغامات بھیجے تھے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے ٹم پین کا استعفیٰ منظور کر کے ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کیلئے کسی اور کھلاڑی کی بطور کپتان نامزدگی کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ ٹم پین کا استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایشز سیریز شروع ہونے میں صرف 3ہفتے باقی ہیں۔ ایشز سیریز کا آغاز 8 دسمبر سے ہو گا۔ آسٹریلیا نے دو روز قبل ہی انگلینڈ کے خلاف 8 دسمبر سے شروع ہونے والی ایشز سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کیا تھا جس میں ٹم پین کو کپتان اور پیٹ کمنز کو نائب کپتان مقرر کیا تھا۔


اس الزام پر اس سے قبل بھی تحقیقات کی گئی تھیں جن میں ٹم پین کو بے قصور قرار دیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ ٹم پین نے کسی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔

ٹم پین نے کہا ہے کہ اگرچہ مجھے معاف کر دیا گیا تھا، مجھے اس واقعے پر اس وقت شدید افسوس ہوا اور آج بھی ہے۔ میں نے اپنی اہلیہ سے بات کی اس کی معافی اور حمایت کے لیے بے حد مشکور ہوں۔ میرا خیال تھا کہ میں اب پوری طرح ٹیم پر توجہ مرکوز کر سکتا ہوں، جیسا کہ میں نے گزشتہ تین یا چار سالوں سے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب پتہ چلا ہے کہ یہ پرائیویٹ ٹیکسٹ ایکسچینج پبلک ہونے جا رہا ہے۔2017 میں مجھ سے سرزد ہونے والا یہ عمل کینگروز کرکٹ اور کمیونٹی کے معیار پر پورا نہیں اترتا اس لیے اپنے چاہنے والوں اور کرکٹ شائقین سے معافی مانگتا ہوں۔ میں اس کیلئے اپنے اہلخانہ، بیوی اور تیسرے فریق کو پہنچنے والے صدمے پر بھی معذرت خواہ ہوں۔
 
Last edited by a moderator: