خیبر پختونخوا کے وزراء پر نوازشات کی برسات،اضافی 2 لاکھ روپے دینے کی منظوری

kpahqi11h.jpg

خیبر پختونخوا کے وزراء پر نوازشات کی برسات کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے کابینہ کے ہر رکن کواضافی 2 لاکھ روپے دینے کی منظوری دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ کا پانچواں اجلاس خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس میں صوبائی کابینہ ارکان کو مکان کے کرایوں کی مد میں 2 لاکھ روپے کی ادائیگی کی منظوری دیدی گئی ہے۔

کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے صوبائی کابینہ میں شامل ان وزاء، مشیروں اور معاونین کو ماہانہ بنیادوں پر 70 ہزار کے بجائے 2 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے جن وزراء کا تعلق پشاور سے نہیں ہے، ان کابینہ ارکان کو یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی بھی ان 2 لاکھ روپوں میں ہی شامل ہوگی۔

فیصلے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزراء کیلئے منظور کردہ اضافی فنڈز گھروں کے کرایوں میں اضافے کی وجہ سے دی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کیلئے صوبائی کابینہ نے فنڈز کی منظوری دیدی ہے، ڈپٹی کمشنروں کو یہ فنڈز خفیہ طریقے سے نہیں بلکہ بینکوں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا اور اس کا آڈٹ بھی کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنرز کو ادائیگی کرنے کیلئے 1ہزار 303 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔