
پی ٹی آئی لانگ مارچ کیلئے اسلام آباد میں سیکیورٹی کے نام پر کروڑوں روپے خرچ ہوگئے
پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنےکیلئے اسلام آباد میں سیکیورٹی کے نام پر خرچ ہونے والے کروڑوں روپے بے سود گئے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر سیکیورٹی کے انتظامات پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئےوفاقی کابینہ سے39 کروڑ92 لاکھ روپے کازائد بجٹ منظور کروایا تھا جس میں سے 25 کروڑ63لاکھ روپے خرچ کردیےگئے۔
سیکیورٹی اور امن و امان کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی شاہراہوں پر سینکڑوں کی تعداد میں کنٹینرز رکھے گئے، یہ کنٹینرز تقریبا 1 ماہ سے زائد عرصہ تک سڑکوں پر موجود رہے، سیکیورٹی اہلکاروں نے 2ہزار 442 شیلزاستعمال کیے۔
اسلام آباد میں سیکیورٹی کیلئے مجموعی طور پر13 ہزار800 سیکیورٹی اہلکاروں نے فرائض سرانجام دیئے ، ان اہلکاروں میں کیپٹل پولیس، سندھ پولیس، رینجرز اور ایف سی کے جوان شامل تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ 28 اکتوبر کو لبرٹی چوک لاہور سے شروع ہوا تھا تاہم 3نومبر کو وزیرآباد میں جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ زخمی ہوگئے، بعد ازاں عمران خان نے پورے ملک سے کارکنان اور عوام کو 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کی ہدایات دی، لانگ مارچ یا حقیقی آزادی مارچ راولپنڈی میں ہی اختتام پزیرہوگیا ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/long-ranahsia.jpg