طویل عرصے بعد شوبز انڈسٹری میں واپس آنے کا اعلان کرنے والی وینا ملک نے کہا ہے کہ حکومت کو شوبز انڈسٹری کیلئے بھی ایک ڈریس کوڈ متعارف کروانا چاہیے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وینا ملک نے ان خیالات کا اظہارجرمنی کے سرکاری میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ میرا ذاتی خیال ہے کہ شوبز کا بھی ایک ڈریس کوڈ ہونا چاہیے، اور یہ ڈریس کوڈ حکومت کی جانب سے دیا جانا چاہیے جس میں فنکاروں کیلئے حدود کا تعین کیا جائے کہ وہ ان حدود کے اندر رہتے ہوئے لباس پہنیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے ہمارے ملک میں لوگ اپنی مرضی کے مطابق ہر طرح کا لباس پہن سکتے ہیں، خواتین کو بھی ان کی مرضی اور پسند کا لباس پہننے کی آزادی ہے، تاہم مجھے ان انڈسٹریز کی فکر ہے جہاں کوئی قواعد وضوابط نہیں ہیں اور لوگ کسی بھی قسم کا لباس زیب تن کرلیتے ہیں، میں سمجھتی ہوں ہمیں کسی ایک حد پر لائن کھینچنی چاہیے۔
وینا ملک نے کہا کہ اسی لیے میں سمجھتی ہوں کہ ہماری شوبز انڈسٹری کیلئے حکومت کو ایک ڈریس کوڈ متعارف کروانا چاہیے جس میں حدود کا تعین کیا جائے تاکہ ہم فنکار ان حدود کے اندر رہتے ہوئے لباس کا انتخاب کرسکیں۔
انہوں نے دوران گفتگو پڑوسی ملک افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے کے بعد خواتین کے مسائل اوران کے لباس کے حوالے سے بھی گفتگو کی ، پروگرام کی میزبان کی جانب سے افغانستان میں طالبان کے قبضے کی حمایت کے سوال پر وینا ملک نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ طالبان نے افغانستان پر قبضہ نہیں کیا بلکہ وہاں حکومت بنائی ہے۔
وینا ملک نے کہا کہ میرے خیال میں افغانستان طالبان کا ہی ہے، یہ زمین بھی ان ہی کی ہے اور جگہ بھی انہی کی ہے اور اسی زمین کیلئے طالبان نے اتنی طویل جنگ لڑی ہے۔
واضح رہے کہ طویل عرصے شوبز انڈسٹری سے دور رہنے والی وینا ملک سیاسی طنز و مزاح کے ایک پروگرام سے دوبارہ انڈسٹری میں ری انٹری دینے والی ہیں، ان کا یہ شو جلد اردو فلیکس پر نشر کیا جائے گا