
پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ میں شرکت کیلئے پارٹی کے ایم پی ایز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ساتھ پانچ پانچ سو افراد کو لازمی لیکر آئیں۔ جبکہ آئندہ الیکشن میں ٹکٹ کا معاملہ کارکردگی سے مشروط کر دیا ہے۔
اے آر وائے نیوز کے مطابق حمزہ شہباز کے زیر صدارت مختلف ن لیگ کے ونگز کے اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے ، حمزہ شہباز نے لانگ مارچ میں زیادہ سے زیادہ افراد لانے کی ہدایت کردی۔ لاہور کے ایم پی ایز ٹاسک دیا ہے کہ وہ اپنے ہمراہ پانچ پانچ سو افراد لازمی لائیں۔
یہی نہیں حمزہ شہباز نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والی ایم پی ایز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ساتھ کم ازکم 25،25 خواتین کو لیکر آئیں۔ جب کہ اس سے پہلے مریم نواز اور حمزہ شہباز کے اس لانگ مارچ میں شرکت سے متعلق کہا گیا تھا کہ یہ 20 ہزار افراد کے ساتھ لاہور سے نکلیں گے۔
اطلاعات کے مطابق ن لیگ لاہور سے 20 ہزار افراد کولیکر نکلے گی جبکہ جی ٹی روڈ پر واقع دیگر اضلاع سے بھی لوگ ساتھ ملیں گے اور اسی طرح جلوس کی شکل میں لانگ مارچ میں شرکت کی جائے گی۔ دوسری جانب حکومت نے 10 لاکھ لوگوں کو ڈی چوک پر جمع کرنے کیلئے اپنے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کر دی ہے۔
یاد رہے 2 روز قبل لیگی قائد نوازشریف اور صدرشہبازشریف کی منظوری سے لانگ مارچ کا شیڈول جاری کیا تھا، لانگ مارچ کے حوالے سے صوبائی، ڈویژنل، ضلعی،وارڈ کی سطح پرعہدیداران،کارکنان کو ہدایا ت جاری کردی گئیں۔
شیڈول کے مطابق 24مارچ کو حمزہ شہباز اور مریم نواز کی قیادت میں کارواں لاہور سے روانہ ہوگا، کارواں رات گوجرانوالہ میں قیام کے بعد 25مارچ کو گوجرانوالہ سے جہلم پہنچے گا اور جہلم میں قیام کے بعد 26 مارچ کو راولپنڈی پہنچے گا۔ 27 مارچ کو حمزہ شہباز، مریم نوازکی قیادت میں کارواں اسلام آباد روانہ ہوگا
واضح رہے کہ ن لیگ کے کارواں کا 2 یا اس سے زیادہ دن تک شہر اقتدار میں قیام کا ارادہ ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/1Hamzahukamforlm.jpg